ملک ریاض بہترین وزیر اعظم

 
 
نہ عمران خان نہ نواز شریف، ملک ریاض بہترین وزیر اعظم
 
اس سے پہلے کہ آپ غصہ کریں، حیران ہوں، لفافے کا الزام دیں یا آپے سے باہر ہوں پہلے پورا پڑھ لیجیے- ہم لوگوں نے ووٹ کس وجہ سے دیے؟ ایک موٹروے؟ ایک میٹرو؟ تین دانش سکولز؟ ایک بلیٹ ٹرین کا وعدہ؟ ایک کراچی سے لاہور تک موٹروے؟ اپنے کاروبار کے لئے قرضے؟ آشیانہ سکیم؟ یہ سب کام تو ملک ریاض زیادہ اچھے سے کر سکتا ہے- انھیں ٹھیکہ دیں کراچی سے لاہور تک موٹروے بنانے کا، وہ نہ صرف یہ کہ موٹروے بنایں گے بلکہ دونوں اطراف میں بحریہ ٹاؤن بھی بنایں گے، سرکاری خزانے پر بوجھ بھی نہیں ڈالیں گے، روزگار بھی پیدا ہو گا اور کام بھی ہو جائے گا- آم کے آم گٹھلیوں کے دام!

 مذاق برطرف، ایک ایک کر کے ہرمعاملے کو ایک دوسرے زاویے سے دیکھتے ہیں- پاکستان میں دہشتگردی کا حل تب تک نہیں ہو سکتا جب تک کہ امریکا اس خطے سے اپنا بوریا بستر گول نہیں کر لیتا، لوڈ شیڈنگ بھی ایک ایسا مسلہ ہے جس کا حل زیادہ سے زیادہ چھ مہینے میں ممکن ہے- یاد رکھیے پاکستان میں بجلی کا مسلہ برے بلنگ سسٹم کی وجہ سے ہے- پاکستان اور پاکستان کے لوگوں کو دراصل کن چیزوں پر زور دینا چاہیے؟ یہ ہے اس کالم کا اصل مقصد-

سب کے لئے یکساں اور مفت نظام تعلیم، بہترین علاج معالجے کی سہولیات،  پولیس کی نوے کی موٹروے پولیس کی طرز پر تنظیم نو، پٹواری سسٹم کا خاتمہ، بلدیاتی انتخابات مگر مشرف دور کی خامیاں دور کر کے یعنی کہ صرف اور صرف بلاواسطہ(direct) انتخابات، ای گورننس، عوام کی تمام سرکاری معلومات تک مفت اور مکمل پہنچ، ٹیکس کے تحت ان لوگوں کو لے کر آنا جنہوں نے آج تک ٹیکس نہیں دیا یعنی کہ جاگیردار اور بزنس مین اور بھارت کی طرز پر زرعی اصلاحات- یہ ہیں وہ چیزیں جن پر ہمیں نظر رکھنی ہو گی اور اگلے انتخابات میں ان کی بنیاد پر ووٹ دینا ہوگا ورنہ ہماری آئندہ آنے والی نسلیں بھی ہمیں معاف نہیں کریں گی اور شاید ہم بھی خود کو کبھی معاف نہ کر سکیں- الله ہمیں مستقبل میں بہتر فیصلے کرنے کی توفیق دے-